Trending NEWSWorld

UAE and Singapore Ranked World’s Safest Countries, Claiming Top Global Spot

ذاتی تحفظ اور امن و امان کے اعتبار سے متحدہ عرب امارات نے سنگاپور کے ہمراہ دنیا بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ معروف عالمی ادارے گیلپ (Gallup) کی جانب سے جاری کردہ گلوبل سیفٹی رپورٹ 2026 کے مطابق، متحدہ عرب امارات اور سنگاپور 96 فیصد شرح کے ساتھ مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر ہیں۔

رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں مقیم 96 فیصد افراد کا کہنا ہے کہ وہ رات کے وقت اپنے علاقے میں تنہا پیدل چلنے کو مکمل طور پر محفوظ سمجھتے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق اماراتی شہریوں میں تحفظ کا یہ احساس 98 فیصد جبکہ غیر ملکی رہائشیوں میں 96 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

نمایاں بات یہ ہے کہ ملک میں مردوں اور خواتین دونوں میں تحفظ کی شرح یکساں طور پر 96 فیصد رہی۔ 2020 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ امارات نے اس عالمی درجہ بندی میں اول پوزیشن حاصل کی ہے، جس میں 2024 کے مقابلے میں 6 فیصد پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

عالمی فہرست میں خلیجی ممالک کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے چار ممالک ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ سعودی عرب 95 فیصد کے ساتھ تیسرے، کویت اور تاجکستان 93 فیصد کے ساتھ مشترکہ طور پر چوتھے، جبکہ بحرین 92 فیصد شرح کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہا۔

اس کے علاوہ ہانگ کانگ، ایل سلواڈور، سوئٹزرلینڈ اور ناروے بھی 90 فیصد شرح کے ساتھ دنیا کے دس محفوظ ترین ممالک میں شامل ہیں۔
دوسری جانب عالمی سطح پر تحفظ کے احساس میں مجموعی طور پر کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2025 میں دنیا بھر کے صرف 69 فیصد افراد نے رات کے وقت تنہا پیدل چلنے کو محفوظ قرار دیا، جو 2024 کے 73 فیصد کے مقابلے میں 4 فیصد پوائنٹس کم ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *