“Marine Iguanas: Masters of the Sea”
سمندری ایگوانا,دنیا بھر میں پائی جانے والی چھپکلیوں کی تمام اقسام میں منفرد ترین جاندار ہے، کیونکہ یہ دنیا کی واحد چھپکلی ہے جو سمندر کے اندر تیرنے اور غوطہ لگانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ نایاب جاندار صرف ایکواڈور کے مشہورِ زمانہ جزائر گیلاپاگوس میں پایا جاتا ہے۔
ارتقائی اور بقا کی جنگ میں اس نے خود کو سمندری ماحول کے اس قدر ڈھال لیا ہے کہ اس کی خوراک کا بڑا حصہ سمندر کی تہہ میں موجود چٹانوں پر اگنے والی کائی پر مشتمل ہے۔ یہ ٹھنڈے سمندری پانی میں 30 فٹ یا اس سے بھی زیادہ گہرائی تک غوطہ لگا کر اپنے مضبوط اور تیز ناخنوں کی مدد سے چٹانوں کو جکڑ لیتی ہے اور وہاں لگی کائی کو شوق سے کھاتی ہے۔
سمندر میں خوراک کی تلاش کے دوران اس کے جسم میں نمک کی ایک بہت بڑی مقدار داخل ہو جاتی ہے، جس کا اخراج اس کی بقا کے لیے انتہائی ضروری ہوتا ہے۔
اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے قدرت نے اس کے سر میں ایک مخصوص غدود رکھا ہے جو خون سے اضافی نمک کو فلٹر کرتا ہے۔ یہ چھپکلی اس جمع شدہ نمک کو اپنی ناک کے نتھنوں سے پچکاریوں یا چھینکوں کی صورت میں باہر نکالتی ہے، جس کی وجہ سے اکثر اس کے سر پر سفید نمک کی ایک تہہ جمی نظر آتی ہے۔ چونکہ یہ ایک سرد خون والا جاندار ہے، اس لیے سمندر کے یخ بستہ پانی میں غوطہ لگانے کے بعد یہ گھنٹوں ساحل کی چٹانوں پر دھوپ سیکتی ہے تاکہ اپنے جسم کا درجہ حرارت دوبارہ بحال کر سکے۔
