Sohail Ahmad Raza receives Pope St. Paul VI Fraternity Award 2026
کیتھولک کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ و ایکومینزم (CCIDE) پاکستان کی 40 ویں سالگرہ کی جوبلی کے موقع پر منعقدہ اختتامی تقریب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا کو بین المذاہب ہم آہنگی، مکالمے اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں “پوپ سینٹ پال ششم فریٹرنٹی ایوارڈ 2026” سے نوازا گیا۔ یہ تقریب سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل چرچ کے سینٹ انتھونی ہال لاہور میں منعقد ہوئی۔
یہ اعزاز سہیل احمد رضا کو دوسری ویٹیکن کونسل کی دستاویز “نوسٹرا ایٹیٹ” (Nostra Aetate) کے بین المذاہب ہم آہنگی کے وژن کو آگے بڑھانے اور مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان بھائی چارے، باہمی احترام، قبولیت، مفاہمت اور انسانی وقار کو فروغ دینے کی خدمات پر پیش کیا گیا۔
ایوارڈ ویٹیکن سٹی کے نمائندوں، پاکستان میں پوپ لیو چہاردہم کے سفیر آرچ بشپ جرمانو پینیموٹے (Archbishop Germano Penemote)، ویٹیکن سٹی کے شعبہ برائے بین المذاہب مکالمہ کے سیکرٹری ریورنڈ مونسینور اندونیل جناکرتنے (Monsignor Indunil Janakaratne)، اور ایشیا و بحرالکاہل کے لیے کیتھولک مسلم تعلقات کے عہدیدار ریورنڈ فادر مارکس سولو کیووتا (Father Markus Solo Kewuta) نے مشترکہ طور پر پیش کیا۔
تقریب میں بشپ آف ملتان اور چیئرمین CCIDE پاکستان بشپ یوسف سوہن، آرچ بشپ آف لاہور آرچ بشپ خالد رحمت، بشپ آف کوئٹہ آرچ بشپ سیباسٹین فرانسس شا، بشپ آف حیدرآباد بشپ سیمسن شکردین سمیت کیتھولک چرچ کی قیادت، مذہبی رہنماؤں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سہیل احمد رضا نے کہا کہ یہ ایوارڈ ان کا ذاتی اعزاز نہیں بلکہ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے امن، محبت، علم اور بین المذاہب رواداری کے عالمگیر وژن کی کامیابی کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل پاکستان میں تمام مذاہب کے احترام، انسانیت کی خدمت اور امن و بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
سہیل احمد رضا نے سی سی آئی ڈی ای (CCIDE) پاکستان، ویٹیکن سٹی سے آئے معزز مہمانوں اور کیتھولک چرچ کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب مکالمہ، باہمی احترام اور مشترکہ انسانی اقدار ہی ایک پرامن معاشرے اور پرامن دنیا کی ضمانت ہیں۔
