Mohammad Yousuf and Sana Mir Inducted into PCB Hall of Fame
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق عظیم بیٹر محمد یوسف اور قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کو شاندار کارکردگی اور کرکٹ کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں سال 2025 کے لیے پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کر لیا ہے۔
ثنا میر 2025 میں آئی سی سی کرکٹ ہال آف فیم میں شامل ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بنی تھیں۔ پی سی بی کے قواعد کے مطابق آئی سی سی ہال آف فیم میں شمولیت کے باعث انہیں خودکار طور پر پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب محمد یوسف کا انتخاب ایک آزاد اور شفاف ووٹنگ کے عمل کے ذریعے کیا گیا، جس میں سابق کرکٹرز اور کرکٹ تجزیہ کاروں نے حصہ لیا۔
محمد یوسف نے 1998 سے 2010 تک پاکستان کی نمائندگی کی اور اپنے شاندار اسٹروک پلے اور مستقل مزاجی کی بدولت دنیا کے بہترین بیٹرز میں شمار ہوئے۔ انہوں نے 381 بین الاقوامی میچز میں مجموعی طور پر 17 ہزار 300 رنز بنائے، جن میں 39 سنچریاں اور 97 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
محمد یوسف کے کیریئر کا یادگار سال 2006 تھا، جب انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک کیلنڈر سال کے دوران عالمی ریکارڈ 1 ہزار 788 رنز اور 9 سنچریاں اسکور کیں۔ اس کارکردگی کے ذریعے انہوں نے ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری بیٹر سر ویوین رچرڈز کا 30 سال پرانا ریکارڈ توڑا۔
محمد یوسف اور ثنا میر کی شمولیت کے بعد پی سی بی ہال آف فیم میں شامل نمایاں شخصیات کی فہرست مزید طویل ہو گئی ہے، جس میں عمران خان، وسیم اکرم، جاوید میانداد، انضمام الحق، یونس خان اور ظہیر عباس سمیت پاکستان کرکٹ کے کئی نامور کھلاڑی شامل ہیں۔
