“Jia Ali Discloses Her First Movie Remuneration from 1997”
جیا علی نے 1997 میں فلم کے لیے 50 لاکھ سے زائد معاوضہ لینے کا انکشاف کر دیا!
پاکستانی اداکارہ اور ماڈل جیا علی نے اپنی پہلی فلم ’’دیوانے تیرے پیار کے‘‘ کے معاوضے سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔ اداکارہ نے بتایا کہ 1997 میں ریلیز ہونے والی اس فلم کے لیے انہیں ایک کروڑ روپے نہیں ملے تھے، تاہم ان کا معاوضہ 50 لاکھ روپے سے زیادہ تھا۔
وسیل شاہ کے پروگرام ’’زبردست‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے جیا علی نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ کے لیے انہیں بیرونِ ملک جانا پڑا تھا اور ان کے ساتھ ان کی اپنی ٹیم بھی موجود تھی، جس میں ان کے بھائی، فوٹوگرافر منا مشتاق، ان کے دوست اور عالیہ امام شامل تھے۔ ٹیم کے سفری اخراجات اور دیگر ضروریات بھی ان کے بجٹ میں شامل تھیں۔
جیا علی کے مطابق اس وقت وہ معاوضے کے لحاظ سے مہنگی ترین اداکاراؤں میں شمار ہوتی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ فلم میں ملبوسات، کوریوگرافر اور دیگر معاملات میں اپنی پسند کو اہمیت دی، جبکہ وہ اس فلم میں کام کرنے کے لیے زیادہ پُرجوش بھی نہیں تھیں اور ماڈلنگ چھوڑنے کے بارے میں سوچ رہی تھیں۔
اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ اس سے پہلے انہیں فلم ’’جیوا‘‘ میں کام کی پیشکش ہوئی تھی، لیکن خاندانی پابندیوں کے باعث انہوں نے یہ پیشکش قبول نہیں کی تھی۔
جیا علی کے اس انکشاف نے پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ماضی میں اداکاراؤں کے معاوضوں اور فلمی دنیا کے اخراجات سے متعلق دلچسپ بحث چھیڑ دی ہے۔
