Pakistan and Bangladesh Players Offering Jummah Prayer Together Wins Hearts Before Match
اے سی سی مینز رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل کے آغاز سے قبل دوحہ کے اسٹیڈیم میں اخوت اور بھائی چارے کا ایک نہایت خوبصورت منظر دیکھنے کو ملا، جہاں پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے کے کھلاڑیوں نے ایک ہی صف میں کھڑے ہو کر نمازِ جمعہ ادا کی۔
جمعہ 27 نومبر کو قطر کے دارالحکومت دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اہم ناک آؤٹ میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے مسلم کھلاڑیوں اور اسٹاف ارکان نے باجماعت نمازِ جمعہ ادا کی۔ سوشل میڈیا پر اس روح پرور لمحے کی تصاویر اور ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جنہیں شائقینِ کرکٹ کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سیمی فائنل مقابلے میں پاکستان شاہینز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش اے کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جہاں اتوار 29 نومبر کو اس کا مقابلہ سری لنکا اے سے ہوگا۔
