“Cristiano Ronaldo’s Saudi Flag Scarf Celebration Steals the Show”
سعودی دارالحکومت ریاض میں اے ایف سی چیمپئنز لیگ ایلیٹ کے میچ کے بعد پرتگالی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کا سعودی عرب سے محبت کا اظہار توجہ کا مرکز بن گیا۔ انہوں نے ازبکستان کے کلب نیفتچی فرغانہ کے خلاف میچ کے اختتام پر النصر کے حامیوں کے ساتھ جشن منایا اور اپنے کندھوں پر سعودی پرچم والا اسکارف ڈال لیا۔
گلف نیوز کے مطابق رونالڈو نے میچ کے بعد النصر کے مداحوں کے ساتھ مشہور ’’وائیکنگ کلیپ‘‘ جشن میں حصہ لیا۔ اس موقع پر سعودی رنگوں سے ان کی وابستگی بھی نمایاں رہی۔
رونالڈو کا یہ انداز ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پرتگال کی قومی ٹیم کے کوچ کے ساتھ مبینہ اختلافات کے باعث ان کے بین الاقوامی کیریئر کے مستقبل کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری ہیں۔
یہ جشن سعودی عرب میں حوثی میزائل حم*لوں کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے تناظر میں بھی توجہ کا مرکز بنا۔ ریاض میں سکیورٹی الرٹ کے باعث پیر کو ہونے والا میچ بھی ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا تھا۔
میچ کے بعد النصر کے آفیشل عربی اکاؤنٹ نے سعودی رنگوں میں ملبوس رونالڈو کی تصویر شیئر کی، جس کے ساتھ ان سے منسوب پیغام اور زرد دل کا ایموجی بھی شامل تھا۔ النصر کے آفیشل انگریزی اکاؤنٹ نے بھی رونالڈو کی ایک اور تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا، ’’سعودی عرب کا ایک حصہ، جو دل کے قریب ہے۔‘‘
ان پوسٹس کے ذریعے پرتگالی سپر اسٹار کے سعودی عرب سے تعلق کو اجاگر کیا گیا۔ رونالڈو جنوری 2023 سے سعودی کلب النصر کی نمائندگی کر رہے ہیں اور سعودی عرب کو اپنا گھر قرار دیتے آئے ہیں۔
