Trending NEWSWorld

Historic Crowd and Landmark Sales Define This Year’s Olive & Honey Festival

لاہور آرگینک ویلج میں ڈسکور پاکستان اور لاہور آرگینک ویلج کے زیرِ اہتمام پاکستان کا سب سے بڑا دو روزہ زیتون و شہد فیسٹیول شاندار کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ فیسٹیول میں عوام کی بھرپور شرکت اور کسانوں کی مصنوعات کی ریکارڈ فروخت نے اسے یادگار ایونٹ بنا دیا۔

ملک بھر سے آئے کسانوں نے 100 سے زائد اسٹالز پر اپنی مصنوعات پیش کیں۔ زیتون کی 110 سے زائد اقسام کے ساتھ شہد کی مختلف اقسام بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز رہیں، جبکہ باجوڑ کے جنگلی شہد کو خاص طور پر پسند کیا گیا۔

دو روزہ فیسٹیول میں 213,000 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ خواتین اور بچوں سمیت خاندانوں کی بڑی تعداد نے فیسٹیول کے ماحول کو مزید رنگا رنگ بنا دیا۔

فیسٹیول کے دوران ملک بھر سے آئے کسانوں کے اسٹالز پر مصنوعات کی مجموعی فروخت 55 کروڑ روپے ریکارڈ کی گئی۔ یہ پاکستانی کسانوں کی محنت اور مقامی مصنوعات پر عوام کے اعتماد کا نمایاں اظہار تھا۔

کسانوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی مصنوعات کو عوام تک پہنچانے کے لیے انہیں مفت اسٹالز فراہم کیے گئے۔ دور دراز علاقوں سے آنے والے فارمرز کے قیام اور کھانے کا انتظام بھی کیا گیا، جبکہ ان سے کسی قسم کی فیس یا چارجز وصول نہیں کیے گئے۔

فیسٹیول میں وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی، چیئرمین وزیرِاعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی سمیت سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ معزز مہمانوں نے پاکستانی مصنوعات کو خوبصورت انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنے پر سی ای او ڈاکٹر قیصر رفیق کے وژن کو سراہا۔

فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لاہور آرگینک ویلج کے سی ای او ڈاکٹر قیصر رفیق نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد پاکستانی کسانوں اور مقامی مصنوعات کو قومی و بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانا اور انہیں نئی منڈیوں تک رسائی کے مواقع فراہم کرنا تھا۔

یہ فیسٹیول پاکستانی ذائقوں، کسانوں کی محنت اور مقامی کاروبار کی کامیابی کا جشن تھا—کیونکہ جب پاکستانی کسان آگے بڑھتا ہے تو پاکستان ترقی کرتا ہے۔

اور یہی ہے وہ خوبصورت پاکستان، جس کا خواب ڈسکور پاکستان نے دیکھا—اور جسے دنیا کے سامنے متعارف کرایا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *