Pakistan and Sudan Agree to Enhance Cooperation in Security, Cybercrime, and Police Training
پاکستان اور سوڈان نے سکیورٹی، داخلی امور، سائبر کرائم، پولیس ٹریننگ اور ادارہ جاتی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ سائبر کرائم کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری سے ملاقات کی، جس کے دوران وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔ سوڈانی وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کا ملک سائبر کرائم کے شعبے میں پاکستان کی مہارت اور تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، جبکہ پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو اہمیت دیتا ہے۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سوڈان میں قیام امن اور تعمیر نو کے عمل میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نادرا کے تعاون سے سوڈان میں 3 کروڑ 60 لاکھ شہریت کارڈز، 90 لاکھ قومی شناختی کارڈز، ایک کروڑ 80 لاکھ پیدائشی اور 5 لاکھ ڈیتھ سرٹیفکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے سول رجسٹریشن کے شعبے میں مزید تعاون اور سوڈانی پولیس افسران کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی۔
ملاقات میں سوڈانی وزیر داخلہ کی درخواست پر محسن نقوی نے پاکستان میں شادی شدہ سوڈانی خواتین کے ویزا مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوڈانی شہری پاکستان میں طبی سہولیات سے بھی استفادہ کر سکتے ہیں اور انہیں صحت کے شعبے میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ سوڈانی وزیر داخلہ نے پاکستان کے تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔
