“Playing With One Eye: AB de Villiers Discloses Major Secret From Final Career Stage”
جنوبی افریقا کے سابق کپتان اور معروف بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے بتایا کہ آنکھ کی سنگین انجری کے باعث انہیں بینائی سے محروم ہونے کا خطرہ لاحق ہو گیا تھا۔ ڈاکٹروں نے انہیں خبردار کیا تھا کہ دائیں آنکھ کا پردہ اپنی جگہ سے ہٹ جانے کے باعث ان کی بینائی بھی جا سکتی تھی۔
اے بی ڈی ویلیئرز نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ان کی آنکھ کی سرجری ہوئی تھی۔ ان کے مطابق دائیں آنکھ اُن کی غالب آنکھ نہیں تھی، اس لیے اس انجری نے ان کی کرکٹ پر زیادہ اثر نہیں ڈالا۔
انہوں نے بتایا کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دوران، خاص طور پر رات کے وقت، ان کی دائیں آنکھ کی بینائی دھندلا جاتی تھی۔ تاہم، وہ اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران سرجری نہیں کرانا چاہتے تھے، اس لیے ریٹائرمنٹ کے بعد آنکھ کا معائنہ کرایا۔
’مسٹر 360‘ کے مطابق، ڈاکٹروں نے معائنے کے دوران آنکھ کے پردے کے اپنی جگہ سے ہٹ جانے کی تشخیص کی اور اگلے ہی روز آپریشن کر دیا۔ ڈاکٹروں نے انہیں خبردار کیا تھا کہ اس مسئلے کے باعث وہ اپنی بینائی بھی کھو سکتے تھے۔
اے بی ڈی ویلیئرز نے دسمبر 2023 میں یہ بھی بتایا کہ ان کے بیٹے نے غلطی سے اپنی ایڑی ان کی آنکھ پر مار دی تھی، اپنے کیریئر کے آخری دو سال آنکھ کے پردے کی اس تکلیف کے باوجود کرکٹ کھیلتا رہا۔
واضح رہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز نے 2018 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی، تاہم وہ فرنچائز کرکٹ کھیلتے رہے۔ انہوں نے 2021 تک انڈین پریمیئر لیگ میں رائل چیلنجرز بنگلورو کی نمائندگی کی، جس کے بعد وہ تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے۔
