Portugal’s Foreign Minister Paulo Rangel Meets Ishaq Dar to Boost Bilateral Cooperation
پرتگال کے وزیرِ مملکت و خارجہ امور پالو رینجل (Paulo Rangel) نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے مذاکرات کے لیے پیر کو اسلام آباد میں دفترِ خارجہ پہنچ گئے، دفترِ خارجہ آمد پر اسحاق ڈار نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلے ون آن ون ملاقات ہوئی جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر پاکستان اور پرتگال کے سفارتی تعلقات کے 77 سال مکمل ہونے کے تناظر میں دیرینہ دوستانہ روابط کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مذاکرات میں دو طرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے علاوہ زراعت (خصوصاً زیتون کی کاشت اور پروسیسنگ)، قابلِ تجدید توانائی، میری ٹائم کنیکٹیویٹی، امیگریشن اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پرتگالی وزیرِ خارجہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی دعوت پر 22 سے 23 نومبر تک پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔ ان کے ہمراہ ایک تجارتی وفد بھی آیا ہے جو پہلے پاکستان-پرتگال بزنس فورم میں شرکت کرے گا۔
