Robots Take Over Waiter Duties at This Pakistani Restaurant
کراچی کے ریسٹورنٹ میں پاکستانی انجینیئر کے تیار کردہ جدید روبوٹس متعارف کرا دیے گئے، ’روبیا‘ اور ’جوجو‘ نامی روبوٹ ویٹریسز کھانا پیش کرکے شہریوں، خصوصاً بچوں اور خاندانوں کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔
کراچی کے ایک جدید ریسٹورنٹ میں اب انسانی ویٹرز کے ساتھ روبوٹس بھی کھانا پیش کرنے کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ یہ روبوٹس خود میزوں تک پہنچ کر صارفین کو ان کے آرڈرز فراہم کرتے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ’دی سسیلین‘ نامی ریسٹورنٹ میں متعارف کرائے گئے روبوٹس ’روبیا‘ اور ’جوجو‘ پاکستانی انجینیئر سید اسامہ عزیز کی تخلیق ہیں، جو ریسٹورنٹ کے بانی بھی ہیں۔
دونوں روبوٹس کے سر سفید اور گول ہیں، جبکہ چہروں پر موٹر سائیکل ہیلمٹ سے مشابہ گہرے رنگ کے ویزر نصب ہیں۔ ان کی گردنوں کے گرد سیاہ شالیں بھی ڈالی گئی ہیں، جو پاکستانی خواتین کے روایتی دوپٹے سے مشابہت رکھتی ہیں۔
روبوٹ ویٹریس ’روبیا‘ جب صارفین کی میز پر پہنچتی ہے تو الیکٹرانک آواز میں اپنا تعارف کراتے ہوئے کہتی ہے، ’’سسیلین میں خوش آمدید، میرا نام روبیا ہے۔‘‘ اس دوران اس کی سرخ ایل ای ڈی آنکھیں مسلسل روشن اور مدھم ہوتی رہتی ہیں۔
یہ منفرد اقدام پاکستان میں مقامی سطح پر جدید روبوٹک ٹیکنالوجی کی تیاری اور اس کے عملی استعمال کے بڑھتے امکانات کو بھی اجاگر کر رہا ہے۔
